قومی ہاکی چیمپئن شپ ، سندھ اے نے پاکستان نیوی کو اپ سیٹ شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

89
Pakistan Hockey Federation
Pakistan Hockey Federation

راولپنڈی ۔19اکتوبر (اے پی پی):قومی ہاکی چیمپئن شپ میں سندھ اے نے پاکستان نیوی کو اپ سیٹ شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ، عبدالوہاب نے شاندار ہیٹ ٹرک کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ، چیمپئن شپ کے چاروں کوارٹر فائنل میچ (کل) بروز جمعہ کو کھیلے جائیں گے ، پی ایچ ایف اور آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے اشتراک سے 67 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ کے سنسنی خیز مقابلے لیفٹیننٹ جنرل ندیم اشفاق ہاکی سٹیڈیم راولپنڈی میں جاری ہیں ۔ جمعرات کو لیگ میچوں کے آخری روز سندھ اے، پنجاب اے، پاکستان آرمی اور واپڈا نے اپنے اپنے میچ جیت لیے ، پہلے میچ میں سندھ اے نے حیران کن انداز میں پاکستان نیوی جیسی مضبوط ٹیم کو تین کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا،

فاتح ٹیم کی جانب سے عبدالوہاب نے شاندار ہیٹ ٹرک سکور کی جبکہ حارث نصیر ، حماد ایاز اور سلطان محمود نے ایک ، ایک گول کیا ۔ دوسرے میچ میں پنجاب اے نے آزاد جموں کشمیر کے خلاف باآسانی 2-10 سے کامیابی حاصل کی ، پنجاب اے کی طرف سے کپتان ارسلان نے چار، حسیم نے دو جبکہ عبداللہ، سعید، شمعون اور حافظ افراہیم نے ایک ، ایک گول کیا

، تیسرے میچ میں پاکستان آرمی نے پنجاب بی کو ایک کے مقابلے میں آٹھ گول سے ہرا دیا ، آرمی کی جانب سے شاہد اور عثمان نے دو ، دو جبکہ راؤ ارسلان، وسیم اکرم، عقیل اور اویس زاہد نے ایک ، ایک گول کیا، چوتھے میچ میں دفاعی چیمپئن واپڈا نے خیبرپختونخوا اے کے خلاف ایک کے مقابلے میں نو گول سے فتح حاصل کی ، واپڈا کی جانب سے رانا عبدالوحید اور امجد علی خان نے دو ، دو جبکہ معین شکیل، علی عزیز، محمد عتیق، حماد الدین اور علیم بلال نے ایک ، ایک گول کیا، چیمپئن شپ کے چاروں کوارٹر فائنل میچز (کل) بروز جمعہ کو کھیلے جائیں گے۔