اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ سید محسن نقوی نے کہا ہے کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ کے دوران شہداء کی عظیم قربانیوں کا قرض ادا نہیں کرسکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو متاثرین دہشتگردی کی یاد اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ سلام ان تمام شہداء کو جنہوں نے اپنا آج ہمارے پرامن کل کے لئے نچھاور کردیا، آخری دہشت گرد کا خاتمہ کرکے شہداء کے خون کا قرض اتاریں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے قوم کے محسن ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہر طبقے نے قربانیاں دی ہیں، پاک افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں نے اپنے لہو سے امن کی آبیاری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ عالم پاکستان کی لازوال قربانیوں کی کوئی اور مثال دینے سے قاصر ہے، پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں ہزاروں افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں، حکومت اور قوم شہداء کے بہادر خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ شہداء کے ساتھ ان کی فیملیز کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج ہم بحثیت قوم متاثرین دہشت گردی کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے غیرمتزلزل عزم اور حوصلے سے دہشتگردی کے عفریت کا سامنا کیا ہے، آج ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ہمارا کل زیادہ پرامن اور محفوظ ہو گا۔