اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی)وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ شجری کاری مہم میں ہمارا بھرپور ساتھ دیں اور اپنے حصے کا کم ازکم ایک پودا ضرور لگائیں،ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر (آج) اتوار کو ہمارے نوجوان 35لاکھ سے زائد پودے لگائیں گے۔ہفتہ کو جاری بیان میں زرتاج گل نے کہا کہ میں (آج) 9 اگست ٹائیگرز فورس ڈے کے موقع پر قوم سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ شجر کاری مہم میں بھرپور شرکت کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ٹائیگر فورس کے جوان پورے پاکستان میں 35 لاکھ پودے لگائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جس تحریک میں نوجوان شامل ہو جائیں وہ ضرور کامیاب ہوتی ہے، ہمیں وزیر اعظم عمران خان کے کلین اینڈ گرین ویژن کو آگے لے جاتے ہوئے ملک بھر میں دس ارب پودے لگانے ہیں۔