لارڈز۔2جون (اے پی پی):انگلینڈ نے آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 524 رنز پر ڈیکلیئر کرکے میچ پر گرفت مضبوط کرلی، اولی پوپ نے شاندار ڈبل سنچری سکور کی، بین ڈکٹ 182 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، آئرش ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنا لئے جبکہ اسے خسارہ ختم کرنے کیلئے مزید 255 رنز درکار ہیں۔ جمعہ کو لارڈز کے تاریخی گرائونڈ میں کھیلے جارہے واحد ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انگلینڈ نے اپنے گزشتہ روز کے 152 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔ بین ڈکٹ 60 اور اولی پوپ 29 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں بیٹرز نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور دوسری وکٹ پر 252 رنز کی شراکت قائم کی۔
اولی پوپ نے اپنی شاندار ڈبل سنچری مکمل کی، وہ 205 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ بین ڈکٹ نے بھی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 182 رنز بنائے۔ اس کے بعد آنے والے بیٹر جو روٹ نے 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہیری بروک 9 رنز پر وکٹ پر موجود تھے کہ انگلش کپتان نے 524 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر اپنی اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔ آئرش بائولر اینڈی میک برائن نے دو، گراہم ہیوم اور فیون ہانڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
آئرش ٹیم نے 354 رنز کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا مایوس کن آغاز کیا، دوسرے روز کھیل کے اختتام پر آئرلینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنائے۔ ہیری ٹیکٹر 33 اور لورکان ٹیوسر 21 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے تینوں وکٹیں جوش ٹونگوی نے حاصل کیں۔ آئرلینڈ کو خسارہ ختم کرنے کیلئے مزید 255 رنز درکار ہیں۔ واضح رہے آئرلینڈ اپنی پہلی اننگز میں 172 رنز پر آئوٹ ہوگئی تھی۔