لاڑکانہ،ضلع کونسل کا اجلاس چیئرمین اعجاز احمد لغاری کی زیر صدارت منعقد

67

لاڑکانہ۔12فروری (اے پی پی):ضلع کونسل لاڑکانہ کا اجلاس چیئرمین اعجاز احمد لغاری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں نو منتخب اراکین خادم حسین بوسن اور فرید آباد سے ذوالقرنین سیال کو بلامقابلہ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی۔اجلاس میں زاہد حسین چانڈیو نے دریائے سندھ پر 6 کینال کی تعمیر کے خلاف مسودہ پیش کیا اور کینال کی تعمیر کے خلاف بات کی جس پر تمام اراکین نے مسودے کی حمایت کی اور سندھو دریا پر بننے والی 6 نہروں کی تعمیر کے خلاف نعرے لگائے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی، قومی اسمبلی میں ہمارے ممبران اور ڈسٹرکٹ کاؤنسل اس فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں

پہلے ہی سندھ میں پانی وقت پر نہیں ملتا جس کی وجہ سے گندم کی فصل کی کاشت صحیح طریقے سے نہیں ہوسکی۔اس لیے کینال کی تعمیر کی تجویز کے خلاف پیش کردہ مسودہ متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔اس موقع پر مہنگائی کے حوالے سے ایک اور مسودہ لایا گیا جس پر چیئرمین اعجاز احمد لغاری نے کہا کہ رمضان شریف کی آمد سے قبل ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو مدعو کیا جائے گا تاکہ رمضان شریف کے بابرکت مہینے میں مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔چیئرمین نے مزید کہا کہ کونسل کے محدود وسائل کے باوجود ہم عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غریبوں کا خصوصی خیال رکھنے کے لیے یوسی لیول کے فنڈز کو 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کر دیا گیا ہے کیونکہ پیپلز پارٹی کا منشور غریبوں کی خدمت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم، صحت، صفائی اور امن و امان کی بہتری کے لیے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں۔