لاڑکانہ۔10فروری (اے پی پی):مٹیاری نیشنل ڈس ایبیلیٹی اینڈ ڈویلپمنٹ فورم (NDF) پاکستان نے پہلے ایگرو لائیو اسٹاک اور ہینڈی کرافٹس ایکسپو 2025 میں بھرپور شرکت کی،جہاں معذور افراد کے حقوق اور بحالی سے متعلق اپنی خدمات کو اجاگر کیا۔ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے ایکسپو کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو فروخت کنندگان کے لیے اپنی مصنوعات اور خدمات پیش کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مٹیاری،ڈاکٹر الطاف حسین سیال (وائس چانسلر، ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام)، فیصل بشیر میمن (ایس ایس پی مٹیاری) اور دیگر معززین نے ایکسپو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی کاشتکاروں اور مویشی پالنے والوں کی کوششوں کو سراہا،جو ضلع کی معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
این ڈی ایف پاکستان نے ایک خصوصی اسٹال لگایا،جہاں معذوری کے سرٹیفکیٹس، معذور افراد کے شناختی کارڈ اور بحالی کی اہم خدمات کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔تنظیم نے فزیوتھراپی،اسپیچ تھراپی، آکوپیشنل تھراپی، سائیکو تھراپی اور ریمیڈیئل تھراپی جیسی خدمات کو اجاگر کیا،جو سندھ میں معذور افراد کی شمولیت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
این ڈی ایف پاکستان کی کاوشوں کے اعتراف میں این ڈی ایف پاکستان کے صدر عابد لاشاری کو سندھ میں ذہنی معذور بچوں کی بحالی کے لیے شاندار خدمات پر اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔ این ڈی ایف پاکستان معذور افراد کے حقوق اور شمولیت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا اور آگاہی اور رسائی کو فروغ دینے والے پلیٹ فارمز میں اپنی شرکت برقرار رکھے گا۔