لاڑکانہ۔5فروری (اے پی پی):پورے ملک کی طرح کندھ کوٹ میں بھی پانچ فروری کو کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا گیا، کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف ریلیاں نکالی گئیں۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو کندھ کوٹ میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ڈپٹی کمشنر منور علی مٹھانی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس سے گھنٹہ گھر تک ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں شریک لوگوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھےاورانہوں نے بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و جبر کے خلاف نعرے لگائے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منور علی مٹھانی اور دیگر نے کہا کہ ضلع کشمور اور کندھ کوٹ کے عوام نے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اتحاد کر کے ثابت کر دیا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے،ہمیں دنیا کو بتانا ہے کہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کا سلسلہ جاری ہے۔بھارت مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ مودی ایک ظالم ہے جو کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے۔اس موقع پر شہریوں، اساتذہ، مختلف اسکولوں کے طلبا، صحافیوں، پولیس،سول سوسائٹی کے نمائندوں، قومی امن کمیٹی،ضلعی تنظیموں کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی میں مختلف محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔