لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر انٹرنیشنل بریفنگ ایریا میں دھواں بھر جانے کے بعد صورتحال بتدریج معمول پر آرہی ہے ، ترجمان سی اے اے

سی اے اے

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر انٹرنیشنل بریفنگ ایریا میں دھواں بھر جانے کے بعد صورتحال بتدریج معمول پر آرہی ہے، تاہم ایئرپورٹ سے تین نجی اور ایک قومی حج پرواز روانہ ہو گئی ہیں۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق علی الصبح امیگریشن ایریا میں شارٹ سرکٹ کا واقعہ پیش آیا لیکن صورتحال پر فوری قابو پالیا گیا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ترجمان نے کہا کہ شارٹ سرکٹ کے باعث انٹرنیشنل بریف ایریا میں دھواں پھیل گیا جس پر ایئرپورٹ مینجمنٹ نے حج پرواز اور دیگر بین الاقوامی پروازوں کو ڈومیسٹک سائیڈ پر منتقل کر دیا گیا اور تمام پروازیں آپریٹ کر دی گئیں۔

ترجمان نے کہا کہ ایئرپورٹ سے آج کی شیڈولڈ چاروں فلائیٹس آپریٹ ہوچکی ہیں جن میں سے پی آئی اے کی ایک، ایئر سیال کی دو اور ایئر بلیو کی ایک پرواز شامل ہے۔ ایئرپورٹ پر تمام ایجنسیز صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے کوشاں ہیں، تکنیکی نوعیت کے مسائل پر قابو پاتے ہی نارمل آپریشنز جلد بحال کردیئے جائیں گے۔