لاہور، مبینہ پولیس مقابلہ میں زیرحراست ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

لاہور کے تھانہ ہنجروال کی حدود میں مبینہ طور پر سی سی ڈی اور ڈاکووں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

لاہور۔23ستمبر (اے پی پی):لاہور کے تھانہ ہنجروال کی حدود میں مبینہ طور پر سی سی ڈی اور ڈاکووں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت اختر کے نام سے ہوئی ہے،جو2 درجن سے زائد مقدمات میں ملوث تھا۔پولیس ترجمان کے مطابق سی سی ڈی ہنجروال کی ٹیم زیرحراست ملزم کو ریکوری کیلئے لے جا رہی تھی کہ موٹر سائیکل سوار اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران زیرحراست ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہوگیا،جبکہ دیگر ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ہلاک ملزم کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے۔پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔