لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز آفس میں عوامی شکایات سننے اور حل کرنے کا سلسلہ جاری

176
Punjab Police
Punjab Police

لاہور۔26جون (اے پی پی):ڈی آئی جی آپریشنز آفس میں روزانہ کی بنیاد پر عوامی شکایات سننے اور حل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران اور ایس ایس پی آپریشنز تصور اقبال نے دفتر ہذا میں کھلی کچہری لگائی اور شہریوں کے مسائل سنے۔افسران نے انصاف کی بالا دستی یقینی بنانے کے لیے درخواستوں کے متعلق متعلقہ افسران کو ہدایات دیں۔

اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنزنے کہا ہے کہ جرائم کے خاتمے کےلئے شہریوں کا تعاون لازم و ملزوم ہے۔لاہور پولیس شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر نے کے لیے کوشاں ہے،شہریوں کو انصاف کی فراہمی اور شکایات کے ازالے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔

محمد فیصل کامران نے کہا کہ فیڈ بیک اور فالو اپ کے ذریعے شہریوں کے مسائل اور شکایات کے حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہری مقررہ اوقات میں پولیس سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے بلا جھجک اور بغیر سفارش ہمارے پاس آسکتے ہیں۔