لاہور۔19مارچ (اے پی پی):لاہور میں فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری کیچپ کی بڑی کھیپ پکڑ لی اور حفظان صحت کی خلاف ورزی پر ہوٹلوں کو بھاری جرمانے عائد کیے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے شالیمار ٹائون میں کیچپ یونٹ سے 2500کلو ایکسپائر کیچپ، ایک ہزار کلو پیکنگ میٹریل تلف کر کے قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 1لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ لاہور بھر میں 633 سحری پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران 9لاکھ 40 ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر ایک مقدمہ درج کروا دیا گیا۔موقع پر کیے جانے والے ٹیسٹ میں کیچپ غیر معیاری قرار دی گئی اور کیچپ میں برکس کی مقدار کم پائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کیچپ، میونیز کی تیاری میں نان فوڈ گریڈ اشیا استعمال کی جارہی تھی۔ترجمان نے بتایا کہ صوبہ بھر میں خوراک کا کاروبار صرف پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق ہی کیا جا سکتا ہے جبکہ اشیا خورونوش کی تیاری میں جعلسازی کرنے والے عناصر کا کاروبار بند کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جعلساز مافیا کے خلاف 1223پر اطلاع کی جائے۔