لاہور۔10اگست (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کے بعد واسا لاہور کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔ترجمان کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد نے محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر واسا لاہور کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ایم ڈی واسا نے ہیڈ آفس میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سٹاف و مشینری مکمل الرٹ رہیں اور تمام ڈسپوزل سٹیشنز کی سکرینوں کو مکمل صاف رکھا جائے،ٹریفک رواں رکھنے کے لیے انڈر پاس پمپس کو مکمل آپریشنل رکھا جائے جبکہ واسا کے افسران و سٹاف نکاسی آب کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔انہوں نےکہا کہ بجلی کی بندش کی صورت میں ڈسپوزل سٹیشنز کو جنریٹرز پر چلایا جائے، تمام ایمرجنسی کیمپس پر سٹاف کی حاضری یقینی بنایا جائے تاکہ مزیدبارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔