لاہورہائیکورٹ کا سموگ وماحولیاتی آلودگی کی تدارک درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا فیصلہ جاری

93
Lahore High Court
Lahore High Court

لاہور۔2جنوری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ۔ جسٹس شاہد کریم نے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے آگاہ کیا کہ بچوں کی ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے پورٹل میں کالم شامل کر دیا گیا ہے، مذکورہ کالم ناکافی، غیر تسلی بخش اور ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم نہیں کرتا، ممبران جوڈیشل کمیشن کے ساتھ مل کر پورٹل کو مزید بہتر بنایااور عدالت کو آگاہ کیا جائے، وکیل پنجاب حکومت کے مطابق پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹیٹیوشنز آرڈیننس میں ترمیم کے لیے سمری وزیراعلی کے پاس جا چکی ہے

آرڈیننس میں ترمیم کے بعد رجسٹرنگ اتھارٹی سکول کے بچوں کی ٹرانسپورٹیشن کو لازمی بنانے کی ہدایات جاری کر سکے گی، تحریری حکم میں مزیدکہا گیاکہ مذکورہ ترمیم بہت مختصر اور نجی و سرکاری سکولوں کی ٹرانسپورٹیشن کی ضروریات کی وضاحت نہیں کرتی، ممبران جوڈیشل کمیشن اور محکمہ قانون کے ساتھ مل کر اس شق کو مزید واضح کیا جائے ،بچوں کی ٹرانسپورٹیشن کے منصوبے کے حوالے سے نجی سکولوں کی از سر نو رجسٹریشن کی جائے، نجی سکولوں کی جانب سے جاری کردہ ٹرانسپورٹیشن پلان اگر ناکافی ہو تو ان سکولوں کی رجسٹریشن نہ کی جائے، ایل ڈی اے نے لاہور اور گرد و نواح کی سڑکوں کی بہتری سے مناسب کام نہیں کیا جس کے باعث ٹریفک کا رش برقرار ہے

ڈی جی ایل ڈی اے ایک میٹنگ بلائیں اور عدالت میں رپورٹ جمع کروانے کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دیں، ایل ڈی اے اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ آئندہ سماعت پر کارکردگی رپورٹس عدالت میں پیش کریں، کیس کی مزید سماعت 17 جنوری تک ملتوی کی جاتی ہے ۔