لاہور۔22جون (اے پی پی):صوبائی وزرا صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا- صوبائی وزرا صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج و معالجہ کو بلا تعطل جاری رکھنے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔تمام سرکاری ہسپتالوں کے ذمہ داران نے اس حوالہ سے بریفننگ دی۔
صوبائی وزرا صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اسی سلسلہ میں ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کے ایم ایس حضرات سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج و معالجہ میں ایک فیصد بھی تعطل برداشت نہیں کریں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے شعبہ صحت کی بہتری کو اپنی ترجیحات میں سر فہرست رکھا ہوا ہے۔پنجاب کے ہر سرکاری ہسپتال کی ری ویمپنگ کی جا رہی ہے۔ تمام سرکاری ہسپتالوں میں پرچی کاونٹرز کو بلا تعطل چلنا چاہئے۔ حکومت پنجاب نے شعبہ صحت کیلئے تاریخی بجٹ دیا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ہم کام کرنے والے ہیلتھ کیئر پرووائیڈرز کے ساتھ کھڑے ہیں، ہڑتال کرنے والوں کے ساتھ نہیں۔ ہڑتالی ڈاکٹروں کو ہسپتالوں میں واپس ڈیوٹی پر آنے کی 24 جون پیر تک ڈیڈ لائن دی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ خانیوال اور ساہیوال میں بچوں کی اموات پر بہت افسردہ ہیں۔ ایسے واقعات نہیں ہونی چاہیے تھے، ہمیں اپنی ذمہ داریوں سے باخبر رہنا چاہیے،تمام ہسپتالوں میں پیر تک او پی ڈی ہر صورت میں بحال ہونی چاہیے، سیکرٹری صحت کوئی جامع میکانزم وضع کریں -ہڑتالوں کا کلچر ختم ہونا چاہیے، ایک سال کے اندر ہسپتالوں میں ریفارمز، تمام معاشی مسائل حل کردیں گے-سیاسی پریشر کے باوجود پرنسپل، ایم ایس، سی ای اوز کی تعیناتی سو فیصد میرٹ پر کی گئی- خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ ڈاکٹرز کو بے روزگار نہیں کرنا چاہتے، مزید بھرتی کرنے جارہے ہیں -پروفیسرز، وائس چانسلر ز ہسپتالوں کی صورتحال بہتر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں -اجلاس میں سیکرٹری صحت علی جان خان، سپیشل سیکرٹریز سید واجد علی شاہ، راجہ منصور احمد، محمد اقبال، ڈی جی ڈرگز ڈاکٹر سہیل، ایڈیشنل سیکرٹریز ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، مظہر حسین، زاہدہ اظہر، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر سید اصغر نقی، پرنسپل جنرل ہسپتال لاہور پروفیسر سردار الفرید ظفر، پروفیسر عمران، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال لاہور پروفیسر ٹیپو سلطان، ایم ایس سروسز ہسپتال لاہور ڈاکٹر مدبر عبد الرحمن، پروفیسر نورین اکمل و دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے وی سی فیصل آباد پروفیسر ظفر چوہدری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز پروفیسر آصف بشیر، ایم ایس جناح ہسپتال لاہور ڈاکٹر یحیی سلطان و دیگر تمام پرنسپلز اور ایم ایس حضرات نے شرکت کی۔