لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چووروں کے خلاف آپریشن جاری

133
LESCO

لاہور۔22دسمبر (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چووروں کے خلاف آپریشن جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 299افراد بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں299 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،286بجلی چوروں کے خلاف ایف آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے 145 درخواستیں رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ 8افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 10 کمرشل،9 زرعی،2 انڈسٹریل اور278 ڈومیسٹک کنکشن شامل ہیں۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو297485 (دو لاکھ ستانوے ہزار چار سو پچاسی) یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 11081962 (ایک کروڑدس لاکھ اکاسی ہزارنوسو باسٹھ) روپے ہے۔

بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ان تمام کے کنکشنز منقطع کرکے ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔شاہدرہ کے علاقے میں کنکشن کو900000روپے اورشیرا کوٹ کے علاقے میں کنکشن کو150000 کی رقم چارج کی گئی ہے۔

انسداد بجلی چوری مہم کو104 روز مکمل ہوگئے ہیں اس دوران کل37597 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے37188 ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں جمع کروائی گئیں، 35705 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر16232 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک58440937 (پانچ کروڑچوراسی لاکھ چالیس ہزارنو سوسنتیس)یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2264601642 (دو ارب چھبیس کروڑ چھالیس لاکھ ایک ہزار چھ سو بیالیس روپے) ہے۔

واضح رہے کہ بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاورڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔