لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ، ڈائمنڈ پینٹس اور ماسٹر پینٹس بلیک کی ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

لاہور۔23دسمبر (اے پی پی):لاہور پولو کلب کے زیراہتمام 14 ویں لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ پیٹرنز کپ کے چھٹے دن تین اہم میچز کھیلے گئے جس کے بعد ڈائمنڈ پینٹس اور ماسٹر پینٹس بلیک کی ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں لاہور اوپن میں پولو کے دلچسپ میچز جاری ہیں۔ اس موقع پر سپانسرز پیٹرنزکی طرف سے بابر نسیم، اے اویس کے …

لاہور۔23دسمبر (اے پی پی):لاہور پولو کلب کے زیراہتمام 14 ویں لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ پیٹرنز کپ کے چھٹے دن تین اہم میچز کھیلے گئے جس کے بعد ڈائمنڈ پینٹس اور ماسٹر پینٹس بلیک کی ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں لاہور اوپن میں پولو کے دلچسپ میچز جاری ہیں۔ اس موقع پر سپانسرز پیٹرنزکی طرف سے بابر نسیم، اے اویس کے ڈائریکٹر حمزہ علی حکیم، ماسٹر پینٹس کے ڈائریکٹر فاروق امین صوفی، گارڈ گروپ کے ڈائریکٹر تیمور علی ملک، دی ریٹرو بار کے سی ای او نفیس باڑی، کلب کے صدر ملک اعظم حیات نون، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز اور سیکرٹری میجر امجد غفور بھی موجود تھے۔ پہلے میچ میں ماسٹر پینٹس بلیک نے اس ٹورنامنٹ میں اپنا تیسرا میچ سڈن ڈیتھ پر جیتا جب ایف جی /دین کی ٹیم کو پانچویں چکر میں ایکسٹرا ٹائم پر 6-5 سے ہرایا۔

ماسٹر پینٹس بلیک کی طرف سے اگناسیا جاویر بیلو نے تین، محمد علی ملک نے دو اور سید تراب محمد رضوی نے ایک گول سکور کیا۔ ایف جی /دین کی طرف سے خوان کروز گروگلی نے دو، رافع شیخ، ملک علی قلی خان اور آغا موسی علی خان نے ایک ایک گول سکور کیا۔ دوسرے میچ میں ڈائمنڈ پینٹس نے ریجاس /شیخو کی ٹیم کو 6-5 سے ہرا دیا۔ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے میر شعیب احمد نے تین، میر حذیفہ احمد نے دو اور راجہ جلال ارسلان نے ایک گول سکور کیا۔ ریجاس /شیخو کی طرف سے ممتاز عباس نیازی اور شیخ فیصل شہزاد نے دو دو جبکہ راجہ سمیع اللہ نے ایک گول سکور کیا۔ تیسرے میچ میں بی این پولو نے ماسٹر پینٹس کی ٹیم کو 9-5 سے ہرا دیا۔ بی این پولو کی طرف سے حمزہ مواز خان نے آٹھ گول سکور کیے جبکہ ایک گول ابراہیم خلیل نے سکور کیا۔ ماسٹر پینٹس کی طرف سے احمد علی ٹوانہ اور کرنل عمر منہاس (ر) نے دو دو جبکہ فاروق امین صوفی نے ایک گول سکور کیا۔ (کل )بدھ کو آخری دو لیگ میچز کھیلے جائیں گے۔