لاہور جلسہ پی ڈی ایم کے بیانیے کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا،پی ڈی ایم کو جلسہ کرنا ہے تو کرے، حکومت رکاوٹ نہیں کھڑی کرے گی، معاون خصوصی سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو جلسہ کرنا ہے تو کرے، حکومت رکاوٹ نہیں کھڑی کرے گی، این سی سی اور عدالتی فیصلے کے بعد جلسہ غیرقانونی ہے، حکومت غیرقانونی عمل کرنے کی اجازت نہیں دے گی لیکن سیاسی طور پر ہماری پوزیشن واضح ہے کہ پی ڈی ایم کو …

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو جلسہ کرنا ہے تو کرے، حکومت رکاوٹ نہیں کھڑی کرے گی، این سی سی اور عدالتی فیصلے کے بعد جلسہ غیرقانونی ہے، حکومت غیرقانونی عمل کرنے کی اجازت نہیں دے گی لیکن سیاسی طور پر ہماری پوزیشن واضح ہے کہ پی ڈی ایم کو جلسہ کرنے سے روکیں گے نہیں، لاہور جلسہ ان کے بیانیے کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قرارواقعی سزا دی جائے گی۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این سی سی اور عدالتی فیصلے کے بعد جلسہ غیرقانونی سرگرمی ہے، پی ڈی ایم جلسہ کرنا چاہتی ہے تو کرے، حکومت پی ڈی ایم کی لیڈرشپ کو گرفتار نہیں کرے گی لیکن کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ پی ڈی ایم جلسوں کے بعد ملک میں کورونا کے پھیلائو میں تیزی آئی ہے اور مثبت کیسز کی شرح 18 فیصد تک پہنچ گئی ہے، اپوزیشن رہنمائوں کو یہ بات سوچنی چاہیے، یہ لوگ اپنی سیاست کیلئے عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اپوزیشن سے کہہ چکے ہیں کہ تھوڑا عرصہ کیلئے سیاسی سرگرمیاں معطل کر دیں، وبا پر قابو پانے کے بعد انہوں نے جتنے جلسے کرنے ہیں کر لیں، یہ لوگ جتنے جلسے کریں گے اتنا ہی عوام کے سامنے بے نقاب ہوتے جائیں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پی ڈی ایم رہنما استعفے دینے اور 8 دسمبر کو آر یا پار ہونے کی باتیں کر رہے تھے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا، عوام ان کا جھوٹ سن چکے، یہ لوگ ہر بات پر جھوٹ بولتے ہیں اور آئندہ بھی بولتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سچا سیاسی لیڈر ہے، وہ اپوزیشن کی قیادت کی طرح آمریت میں پروان نہیں چڑھے، اپوزیشن قائدین کو کیا پتا جمہوریت کیا ہوتی ہے، اپوزیشن جماعتیں کرائے پر اپنے جلسوں میں لوگوں کو لاتی ہیں، عوام کے سامنے ان کا تمام کچا چٹھا کھل چکا ہے اور عوام کبھی دوبارہ ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول زرداری چینی چوری کی بات کرتے ہیں، 75 فیصد شوگر ملیں شریف خاندان اور زرداری کی ہیں اور یہی لوگ چینی چوری میں ملوث ہیں، ان کی اصلیت عوام کے سامنے کھل چکی ہے۔