لاہور سمیت پنجاب بھر میں سپلائی کیے جانے والے گوشت کی مکمل ٹریسیبیلٹی یقینی بنائی جائے، وزیر خوراک کی ہدایت

131
Punjab Food Minister Bilal Yasin
Punjab Food Minister Bilal Yasin

لاہور۔17مارچ (اے پی پی):اہلیان لاہور کو غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والوں کےخلاف شکنجہ کس لیا گیا۔ وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی اور ٹیموں کے ہمراہ مختلف مارکیٹس کا معائنہ کیا اور 2500 کلو غیر معیاری، ناقص، زائد المیعاد گوشت موقع پر تلف کروا دیا،ناقص گوشت تلف کیے جانے کے علاوہ قوائد کی خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کو جرمانوں کے ساتھ وارننگ بھی جاری کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین اتوار کی صبح فوڈ اتھارٹی ٹیموں کے ہمراہ مغلپورہ لاہور پہنچے اور مارکیٹ میں گوشت کی دکانوں پر معیار کا جائزہ لیا۔ وزیر خوراک نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ میٹ شاپس پر غیر معیاری اور زائد المیعاد گوشت فروخت کے لیے رکھا گیا تھا جسے فوری طور پر سیل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گندے فریزرز میں بدبودار ناقص گوشت برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ بلال یاسین نے بتایا کہ بعض دکانوں میں صفائی کے ناقص انتظامات اور کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے فوڈ اتھارٹی ٹیموں کو ہدایت کی کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سپلائی کیے جانے والے گوشت کی مکمل ٹریسیبیلٹی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عمومی دنوں سے بڑھ کر ماہ مقدس میں پنجاب کی عوام تک محفوظ خوراک کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر جعلساز مافیا کے خلاف مربوط کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں۔ بلال یاسین نے شہریوں سے اپیل کی کہ خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کے خاتمے کے لیے فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں اور اس ضمن کسی بھی شکایت کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں تاکہ ہماری ٹیمیں موقع پر پہنچ کر تادیبی کارروائی عمل میں لائیں۔