لاہور۔17فروری (اے پی پی):محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق 19 سے 21 فروری کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق سرگودھا، میانوالی بھکر خوشاب حافظ آباد گجرانوالہ منڈی بہاوالدین ،گجرات، لاہور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ فیصل آباد شیخو پورہ نارووال ،سیالکوٹ ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفرگڑھ، خانیوال ،ساہیوال، پاکپتن اوکاڑہ اور بہاولنگر میں بارش کے امکانات ہیں جبکہ بارش کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ سیاح موسم کی مناسبت سے انتہائی محتاط رہیں اور موسمی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا پروگرام ترتیب دیں۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ مسلسل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔