لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مو سلا دھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ

171
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مو سلا دھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ

لاہور۔17اکتوبر (اے پی پی):لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات گئے شروع ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار جبکہ درجہ حرارت کم ہونے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورکے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، کینال روڈ، دھرم پورہ، لکشمی چوک، نسبت روڈ کے علاقوں میں بارش ہوئی، کاہنہ، گجومتہ، فیروز پور روڈ، ساندہ، کرشن نگر، بند روڈ، اچھرہ، چونگی امرسدھو، کلمہ چوک، برکت مارکیٹ ،گلبرگ ،گلشن راوی اور دیگر علاقوں میں بادل کھل کر برسے جس سے شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 16 جبکہ زیادہ سے زیادہ 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے ۔

بارش کے باعث فضائی آلودگی میں بھی نمایاں کمی کی توقع ہے۔علاوہ ازیں پنجاب کے دیگر شہروں اوکاڑہ، ساہیوال، عارف والا، بہاولنگر، نارووال، گوجرہ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور سانگلہ ہل میں بھی بادل برسے جس کے باعث مختلف علاقوں میں فیڈر ٹرپ کر نے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش لاہور میں گلشن راوی 97، لکشمی چوک 66، گلبرگ57، اقبال ٹاون، نشتر ٹاون 54، جوہر ٹاون 48، قرطبہ چوک 42، مغل پورہ 41، شاہی قلعہ 37، اپر مال 33، فرخ آباد 32، سٹی 26، تاج پورہ 22، چوک ناخدہ، ایئر پورٹ 20 اور سمن آباد میں16 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں چند مقامات پرتیز ہوائیں اور آندھی چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ مزید ہلکی بارش جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکا ن ہے۔