لاہور۔28جولائی (اے پی پی):لاہور میں آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم کے ذریعے ای چالاننگ کا آغاز کردیا گیا ہے ۔
ترجمان ٹریفک پولیس لاہور کے مطابق اس سسٹم کے تحت ابتدائی طور پر19ٹریفک خلاف ورزیوں پر چالان کئے گئے ہیں۔انہوں بتایا کہ اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر اس سسٹم کی مدد سے ای چلاننگ کی جائے گی ٹریفک سگنل،لین لائن، سیٹ بیلٹ، ہیلمٹ نہ پہننے والوں کی اسی خود کار سسٹم کی مدد سے چالاننگ جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دھواں چھوڑتی گاڑیوں، اوورسپیڈنگ، ون وے خلاف ورزی ،رانگ ٹرن، موٹرسائیکل پر 3سواری کرنے سمیت متعدد خلاف ورزیوں پر بھی ای چلاننگ کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیف سٹیز اتھارٹی کے اشتراک سے آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم کے ذریعے چالاننگ کو مزید موثر بنا رہے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 12 ہزار 948ای چالان ، بغیر ہیلمٹ سفر کرنے پر 3ہزار 874 جبکہ لین لائن سٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر 4ہزار 41چالان ٹکٹس جاری کئے گئے جبکہ اسی سسٹم کی مدد سے سگنل خلاف ورزی پر ایک ہی روز میں 3ہزار جبکہ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر 245چالان جاری ہوئے ۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور ٹریفک پولیس کی طرف سے ای چالان ڈیفالٹر گاڑیاں پکڑنے کیلئے ٹیموں کا کریک ڈائون جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موثر اور مربوط ٹریفک سسٹم کیلئے سیف سٹی کیمروں سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کیا جارہا ہے۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کی ہدایت پر کیمروں کی مدد سے وارڈنز کی مانیٹرنگ اور سرویلنس کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے ۔