لاہور میں بارش سے موسم خوشگوار ، مزید بارشوں کی پیشگوئی ،واسا کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری

132

لاہور۔28ستمبر (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہفتہ کے روز مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ، مزید بارشوں کے پیش نظر واسا لاہور کو الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کر دی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق وزیر اعلی پنجاب اور وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد کی خصوصی ہدایات پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد نے محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر واسا لاہور کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ایم ڈی واسا نے یہاں ہیڈ آفس میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مون سون ایمرجنسی کیمپ پر تمام سٹاف و مشینری مکمل الرٹ رہیں، تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کی سکرینوں کو مکمل صاف رکھا جائے،ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے انڈر پاس پمپس کو مکمل آپریشنل رکھا جائے اور واسا کے افسران و سٹاف نکاسی آب کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی بندش کی صورت میں ڈسپوزل اسٹیشنز کو جنریٹرز پر چلایا جائے، تمام ایمرجنسی کیمپس پر سٹاف کی حاضری یقینی بنایا جائے تاکہ مزیدبارشوں کی پیشگوئی کی صورت میںہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل استعداد پر چلایا جا رہا ہے، بارش کے بعد زیادہ تر علاقوں کو بروقت بارشی پانی سے کلیئر کر دیا گیا ہے تاہم واسا آپریشن جاری ہے۔ایم ڈی نے کہا کہ تمام جنریٹرز آپریشنل اور اسٹینڈ بائی رکھے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔