لاہور۔25فروری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے لاہور شہر میں لگے بڑے سائن بورڈز اور تجاوزات کے خلاف دائر درخواست پر مزید سماعت 8 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے تجاوزات قائم کرنے والے ٹھیکیدار کی طلبی کے لئے اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا۔سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے قانون کے مطابق کارروائی ضروری ہے۔جسٹس شجاعت علی خان نے منگل کو کیس کی سماعت کی ۔
درخواست گذار شہری حیدر علی مرزا کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اندرون شہر میں تجاوزات کی بھرمار ہے، جگہ جگہ بے ہنگم اور بڑے سائز کے سائن بورڈز نصب کر دیے گئے ہیں، جو تیز آندھی اور طوفان میں گرنے سے جانی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔استدعا ہے کہ عدالت بڑے سائن بورڈز ہٹانے اور اندرون شہر سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم جاری کرے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی۔