لاہور۔4دسمبر (اے پی پی):پنجاب بھر میں فرائنگ فش پوائنٹس کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی چیکنگ مہم جاری ہے۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق صوبہ بھر میں 1529فرائنگ فش پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، 280کو 38لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔استعمال شدہ آئل میں فش فرائی کرنے پر 3 پوائنٹس بند کر دیئے گئے، 630 لیٹر استعمال شدہ آئل، ایک من خراب مچھلی تلف کی گئی۔1080پوائنٹس کو مزید بہتری کے اصلاحی نوٹسزجاری کئے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا ہے کہ لاہور ڈویژن میں 168، فیصل آباد ڈویژن میں 156، ساہیوال میں 84، راولپنڈی میں 166 اور گوجرانوالہ میں 216 کی چیکنگ کی گئی۔ سرگودھا میں 256، ڈی جی خان میں 211، ملتان میں 127 اور بہاولپور میں 145 فش پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا۔ سابقہ ہدایات پر عمل نہ کر نے، رینسڈ آئل کے استعمال،بدبودار ماحول کی بنا پرفش پوائنٹس کو بند کیا گیا۔مچھلی کو نیلے ڈرموں میں کیمیکل اور مصالحہ جات ڈال کر سٹور کرنے پر کارروائی کی گئی۔
عاصم جاوید نے کہا کہ بند کیے گئے پوائنٹس پر استعمال شدہ گندے تیل میں فش فرائی کر کے فروخت کی جا رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ استعمال شدہ آئل کو دوبارہ خوراک کی تیاری میں استعمال کرنا سنگین جرم ہے۔صحت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے صوبہ بھر میں مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔پنجاب فوڈاتھارٹی خوراک کے ہر چھوٹے بڑے کاروبار کو چیک کر رہی ہے۔ڈی جی فوڈاتھارٹی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام تک معیاری خوراک کی یقینی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔