لاہور۔20نومبر (اے پی پی):حکومت پنجاب کی طرف سے لاہور میں 24 نومبر تک ہیوی ٹرانسپورٹ کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔
چیف سٹی ٹریفک پولیس آفیسر عمارہ اطہر نے بتایا کہ کسی بھی قسم کی ہیوی ٹریفک، لوڈر ٹریکٹر ٹرالی کو شہر میں داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی،پابندی کو یقینی بنانے کےلئے ڈی ایس پیز کی نگرانی میں شہر کے 12 داخلی و خارجی راستوں پر نفری تعینات کردی گئی ہے۔
بدھ کو جاری بیان میں عمارہ اطہر نے کہا کہ ہیوی ٹریفک، خستہ حال، انتہائی خطرناک حد تک کالا دھواں چھوڑنے والی اور فٹنس سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والی گاڑیوں کو اجازت نہیں ہے،پابندی سے مستثنی پٹرول، ادویات، خوردونوش اور مسافر گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد داخلہ کی اجازت ہے۔عمارہ اطہر نے کہا کہ پابندی کے اطلاق کو 100 فیصد یقینی بنایاجارہا ہے،ٹرانسپورٹرز سموگ تدارک اور صحت مند آب و ہوا کےلئے حکومتی احکامات کی پاسداری کریں
۔ عمارہ اطہر نے کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس کی طرف سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاون بھی جاری ہے، روزانہ 60 لاکھ کے جرمانے اور سینکڑوں گاڑیوں کو بند کروایا جارہا ہے،شہر میں 41 انسدادِ سموگ سکواڈز بھی تشکیل دیئے گئے ہیں۔