لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کی جانب سے شہر بھر میں صفائی آپریشن بلا تعطل جاری

193

لاہور۔18جولائی (اے پی پی):لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کی جانب سے شہر بھر میں صفائی آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔

لاہور کے حسن کو بحال رکھنے کے لیے تمام 9ٹائونز میں صفائی کی سرگرمیاں جا ری ہیں، خصوصی صفائی اقدامات کے تحت داتا گنج بخش ٹائون میں 800سے زائد ورکرز، 140سے زائد آپریشنل گاڑیاں صفائی آپریشن پر تعینات کیے گئے۔

سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے کہا ہے کہ اربن یونین کونسلزکے ساتھ ساتھ دیہی یونین کونسلز میں بھی صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں، اندرون شہر میں خصوصی صفائی اقدامات کے تحت مینوئل سویپنگ اور سکریپنگ کی گئی جبکہ بھاٹی گیٹ ویسٹ انکلیوژر کو روزانہ کی بنیاد پرزیرو ویسٹ کیا جا رہا ہے۔

ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی عمر چوہدری نے بتایا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کی آپریشن ٹیموں نے موچی گیٹ، بھاٹی چوک، داتا دربار اور اس سے ملحقہ راستوں پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کئے۔مزید برآں شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے رات کی شفٹ کے ساتھ ساتھ دن کی شفٹ میں بھی مکینیکل سویپنگ اور واشنگ روزانہ کی بنیادوں پر کی جا رہی ہے، ہر گلی محلے کو زیرو ویسٹ کیا جا رہا ہے جبکہ دیہی یونین کونسلز میں ٹریکٹر ٹرالیز کی مدد سے اوپن پلاٹس کی کلیئرنس یقینی بنائی جا رہی ہے۔