لاہور۔7دسمبر (اے پی پی):سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز نے کہاہے کہ لاہور ٹریفک پولیس کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون جاری رکھے ہوئے ہے،بغیر لائسنس گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹرسائیکل دینے والے بھی کسی معافی کے مستحق نہیں۔انہوں نے بتایا کہ 21 روز میں 7 ہزار سے زائد مقدمات درج کرکے سینکڑوں گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئیں،15 روز میں بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے 9 ہزار 355 ڈرائیورز کیخلاف مقدمات درج کئے گئے،
بغیر لائسنس کار ڈرائیونگ پر2 ہزار 164جبکہ بغیر لائسنس موٹرسائیکل چلانے پر7 ہزار مقدمات درج کئے گئے۔سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ لائسنس دفاتر کے اوقات کار اور عملہ اضافہ کر دیا گیا ہے،شہر میں08 خدمت مراکز24/7 سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کے مستقبل کے خود ذمہ دار ہیں، والدین اپنی ذمہ داری نبھائیں اور کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ کی اجازت ہرگز مت دیں۔