لاہور۔31اگست (اے پی پی):لاہور پولیس کی جانب سے قیام امن کیلئے رواں سال اب تک2774سرچ اینڈکومبنگ آپریشنزکئے گئے ہیں، سرچ آپریشنز کے دوران79979گھروں،50036کرایہ داروں اور169722اشخاص کو چیک کیا گیا ۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے ہفتہ کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ دوران سرچ آپریشنز257282افراد کو تصدیق کے بعد کلیئر کر دیا گیا، قانون شکنی پر1146افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، دوران سرچ آپر یشنز کرایہ داری ایکٹ کے تحت472افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ۔سرچ آپریشنز میں 182اشتہاری مجرمان گرفتارکئے گئے ، منشیات کے60مقدمات کا اندراج کیا گیا جبکہ55/109ضابطہ فوجداری کے تحت84افراد کو حراست میں لیا گیاہے، ناجائز اسلحہ کے123مقدمات جبکہ شراب نوشی کے42مقدمات درج کئے گئے ہیں۔دوران سرچ آپریشن46ہوٹل،26گیسٹ ہاوسز،89ہاسٹلز،4بس اڈے،44گودام وفیکٹریاں،5506دکانیں اور68مساجد و مدارس کی چیکنگ کی گئی ہے۔
سی سی پی او لاہور نے کہا کہ قیام امن کیلئے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنزناگزیر ہیں۔انہوں نے سپروائزری افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اپنے علاقوں میں امام بارگاہوں، مساجد سمیت تمام اہم تنصیبات کے باقاعدگی سے دورے کریں۔انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز اور چوکی انچارج ناکوں پر چیکنگ کے عمل کی نگرانی کریں پولیس افسران اور اہلکار دوران چیکنگ ناکوں پر شر پسند عناصر، مشکوک افرادا پر کڑی نظر رکھیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ ٹیمیں حساس عمارتوں،مساجد، عبادت گاہوں کے اطراف موثرپٹرولنگ کریں۔ انہوں نے بس ٹرمینلز، گڈز ٹرانسپورٹ اڈوں، ریلوے سٹیشن،غیر ملکی قونصلیٹس کے گردو نواح کی آبادیوں میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنزکرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران و جوان اپنے اپنے علاقوں میں متحرک رہ کر اپنے فرائض سر انجام دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس کے فرنٹ لائن سولجرز شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت الرٹ ہیں۔