لاہور۔3اپریل (اے پی پی):لاہور پولیس نے حکومت پنجاب کے محفوظ رمضان و محفوظ عید منصوبے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا جس کے باعث عیدالفطر کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ ترجمان کے مطابق پیشگی منصوبہ بندی، بروقت اقدامات اور مکمل عمل درآمد کے نتیجے میں ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، زہریلی شراب اور پتنگ بازی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اورڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر لاہور پولیس نے بھرپور نگرانی و کریک ڈائون کرتے ہوئے زہریلی شراب کی ترسیل ناکام بنا کر 26 ملزمان کو گرفتار جبکہ تین روز میں ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کرنے والے 46 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ دورانِ کارروائی 3 کلاشنکوف، 7 بندوقیں، 34 پسٹلز اور ہزاروں گولیاں برآمد کی گئیں۔
علاوہ ازیں پتنگ بازی میں ملوث 26 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا،ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے شہر بھر میں ناکہ بندی کی گئی اور اضافی گشت کے دوران 126 نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔اسی طرح خواتین کے تحفظ کے لیے خصوصی اسکواڈز تعینات کیے گئے، جنہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ کراڈ کنٹرول کے لیے 1000 سے زائد افسران و جوان فیلڈ میں متحرک رہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ سکیورٹی کے لیے 5000 سے زائد اضافی اہلکار تعینات کیے گئے تھے جبکہ تفریحی مقامات، بازاروں اور مساجد میں پولیس کی موثر نگرانی جاری رہی۔ ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے جدید ڈرون کیمروں اور نائٹ ویژن دوربینوں کا استعمال کیا گیا، جس سے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بروقت کارروائی ممکن ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس نے ہر ممکن حفاظتی اقدامات کیے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے آئندہ بھی اسی عزم کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578318