لاہور۔25فروری (اے پی پی):لاہور پولیس نے پیشہ ور بھکاریوں کے منظم گروہوں کے خلاف رواں سال مختلف کارروائیوں کے دوران 1324 افراد کو گرفتار کر کے 1310مقدمات درج کئے۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں 1236مرد،78 خواتین اور10سہولت کار شامل ہیں۔سٹی ڈویژن میں 329، کینٹ میں 257، سول لائنز میں 190، صدرمیں 149، اقبال ٹائون میں 140 اور ماڈل ٹائون میں 259ملزمان گرفتار کیا گیا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں گداگر مافیا کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بچوں اور خواتین کو ڈھال بنا کر بھیک منگوانے والے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے،بھکاریوں کے ٹھیکیداروں کے گردگھیرا تنگ کیا جائے،بھکاریوں کے بھیس میں چھپے جرائم پیشہ عناصرکوقانون کی گرفت میں لایا جائے۔
ٹریفک پولیس اہم شاہراں اور سگنلزپر گداگروں کے منظم گروہوں کے خلاف موثر کارروائیاں جاری رکھے اور شہری گداگری کی روک تھام میں لاہور پولیس کا ساتھ دیں۔