لاہور پولیس کی گزشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ جاری

130
لاہور پولیس کی گزشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ جاری

لاہور۔2جنوری (اے پی پی):سال2024کے اختتام پرلاہورپولیس کی منشیات فروشی اور قماربازی کے خلاف کارروائیوں کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق منشیات فروشی میں ملوث 10566ملزمان کوگرفتارکر کے 10251مقدمات کا اندرج کیا گیا ہے۔

ترجمان لاہور پولیس نے جمعرات کو جاری اپنے بیان میں بتایا کہ منشیات فروشی میں ملوث ملزمان کے قبضہ سے 7805کلو چرس، 436کلو افیون،285 کلو ہیروئین،176کلو آئس اور77190لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔اسی طرح سال2024میں قمار بازوں کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران5065ملزمان کوگرفتارکرکے1212مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے1کروڑ 89لاکھ 47ہزارروپے سے زائد کی رقم ریکور کی گئی ہے۔

سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ شہر میں منشیات فروشوں اور قمار بازوں کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے ڈویژنل افسران کو قمار بازی کے خاتمے ا ور منشیات کے دھندے میں ملوث گینگزکے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے قلع قمع کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ انسدادِ منشیات کے لئے کام کرنے والے پولیس افسران متعلقہ اداروں کے ساتھ انفارمیشن شیئرنگ اور باہمی تعاون کویقینی بنائیں۔انہوں نے ایس ایچ اوزکواپنے علاقوں میں قماربازی میں ملوث سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔

سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کو منشیات کی آن لائن خریدو فروخت کے ذرائع پر بھی نظر رکھنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ منظم جرائم کے خاتمے کے لئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس شہر کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کیلئے پر عزم ہے۔