لاہور۔16اپریل (اے پی پی):وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی تعلیم نسواں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔پنجاب حکومت یہاں کی طالبات کیلئے پانچ الیکٹرک بسیں، انٹرمیڈیٹ سائنس بلاک کیلئے پانچ ایل ای ڈیز اور لیبارٹری کیلئے جدید آلات فراہم کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں سپرنگ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
وزیر تعلیم نے تزئین نو کے بعد سائنس بلاک کا افتتاح بھی کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کا ہونہار سکالر شپ پروگرام اور لیپ ٹاپ سکیم کی زبردست پزیرائی نظر آئی ہے،حکومت تعلیم کے شعبے میں انقلاب کی خواہاں ہے۔تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر عظمی قریشی، ڈین فیکلٹی ڈاکٹر فلیحہ کاظمی، رجسٹرار عظمی بتول، ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر سمیرا ستار، انچارچ انٹرمیڈیٹ ڈاکٹر عائشہ صدیقہ، ڈاکٹر نیلما اور دیگر سینئر اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔
سپرنگ فیسٹیول میں مختلف فیکلٹیز کی طالبات نے مارچ پاسٹ کیا۔ سکول کے بچوں نے ایروبک پیش کیا۔اس کے علاوہ میوزیکل چیئر،چاٹی ریس، جمناسٹک اور دیگر ایونٹس پیش کئے گئے۔ وزیر تعلیم نے شاندار کارکردگی کی حامل کھلاڑیوں کو اپنی جیب سے دو لاکھ روپے انعام دیا۔