لاہور ہائیکورٹ، قتل کیس میں ملزم عمر فاروق کی ضمانت منظور

لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے مقدمہ میں گرفتار ملزم عمر فاروق عرف احتشام کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے10 لاکھ روپے کے مچلکوں اور دو ضامنوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا

لاہور۔22جولائی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے مقدمہ میں گرفتار ملزم عمر فاروق عرف احتشام کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے10 لاکھ روپے کے مچلکوں اور دو ضامنوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا،جسٹس محمد طارق ندیم نے درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار کا نام وقوعہ کے تقریبا نو ماہ بعد ضمنی بیان میں سامنے آیا،جس سے مقدمہ مزید تفتیش کا متقاضی بنتا ہے،عدالت نے فیصلے میں کہا کہ پولیس کے سامنے کیا گیا مبینہ اعترافِ جرم قانون کیمطابق قابل قبول شہادت نہیں،جبکہ صرف اسلحہ کی برآمدگی بھی ضمانت مسترد کرنے کے لیے کافی بنیاد نہیں بن سکتی ہے

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ کسی ملزم کا دیگر مقدمات میں نامزد ہونا بھی ضمانت سے انکار کی وجہ نہیں بن سکتا،عدالت نے آبزرویشن دی کہ ہر ملزم جرم ثابت ہونے تک بے گناہ تصور کیا جاتا ہے اور ضمانت دینے میں غلطی، ضمانت مسترد کرنے کی غلطی سے بہتر ہے،عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار کے حوالے سے تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور مزید جسمانی حراست کی ضرورت نہیں، لہذا اسے دس لاکھ روپے کے مچلکوں اور دو ضامنوں کے عوض ضمانت پر رہا کیا جائے۔