لاہور۔16فروری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ اوقاف پنجاب کے زیر انتظام اندرون شہر کے قدیم آئی ہسپتال، داتا دربار ہسپتال کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کرنے کا نوٹیفکیشن معطل قرار دے دیا۔عدالت نے سیکرٹری صحت، اینٹی نارکوٹکس حکام سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔جسٹس شاہد کریم نے شہری ایاز حبیب کی درخواست پر جمعہ کو ابتدائی سماعت کی۔درخواست گزار کی طرف سے اسد منظور بٹ ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ داتا دربار ہسپتال محکمہ اوقاف کے زیر انتظام چلتا ہے،
داتا دربار ہسپتال ملک بھر سے آنیوالے زائرین کے علاج کیلئے بنایا گیا ہے جہاں سالانہ پانچ لاکھ سے زائد مریض ہسپتال میں آتے ہیں۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ہسپتال میں تمام امراض کے شعبہ جات اور لیبارٹریز موجود ہیں تاہم سیکرٹری صحت پنجاب نے اختیار نہ ہونے کے باوجود ہسپتال کو غیر قانونی طور پر نارکوٹکس حکام کے حوالے کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جبکہ اوقاف کی اراضی پر بنے اوقاف کے ہسپتال کو دوسرے محکمہ کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس سارے عمل میں سیکرٹری اوقاف پنجاب سمیت ہسپتال کے اسٹیک ہولڈر سے پوچھا تک نہیں گیا۔درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت سیکرٹری صحت کا نو ٹیفیکیشن کالعدم قرار دے۔