لاہور۔20نومبر (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات میں عبوری ضمانت کی استدعا خارج کرتے ہوئے تفصیلات جمع ہونے پر درخواست نمٹادی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو تمام مقدمات میں عبوری ضمانت فراہم کی جائے۔
محکمہ داخلہ پنجاب اور وفاقی حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی پر درج مقدمات کی رپورٹس عدالت میں پیش کی گئیں جس میں کہا گیا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف کوئی بھی مقدمہ درج نہیں ،بانی پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد پولیس نے 62کیسز درج کر رکھے ہیں۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو عبوری ضمانت دینے کی استدعا خارج کرتے ہوئے تمام رپورٹس کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔