لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو انتخابی نشان واپس کرنے ، نئے انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف الیکشن کمیشن کی کارروائی روکنے کی درخواست پرلارجر بینچ بنانے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا

150

لاہور۔5جون (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے پی ٹی آئی کو بلے کا انتخابی نشان واپس کرنے اور نئے انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف الیکشن کمیشن کی کارروائی روکنے کی درخواست پرلارجر بینچ بنانے کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ عدالت درخواستوں کو فل بینچ میں لگانے کی ہدایت کرتی ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ درخواستوں کو چیف جسٹس کو بھجوا یا جا رہا ہے ،مناسب ہے کہ فل بینچ ہی ان درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ کرے

۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے منگل کو پی ٹی آئی ،سیکرٹری جنرل عمر ایوب، بیرسٹر گوہر خان سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی اور درخواست پر لارجر بینچ کی تشکیل کیلئے کیس کی فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی تھی ۔ بدھ کو عدالت نے دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے درخواست پر فل بینچ بنانے کی سفارش کی اور کیس فائل باضابطہ طور پر چیف جسٹس کو بھجوا دی۔

سنگل بینچ نے فیصلے میں کہا ہے کہ درخواست گزاروں کے وکیل کی استدعا کی روشنی میں درخواستوں کو اگلے ہفتے فل بینچ میں لگایا جائے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیا گیا نوٹس کالعدم قرار د یتے ہوئے پی ٹی آئی کو بلے کا نشان الاٹ کرنے کا حکم دے۔