بیروت۔18فروری (اے پی پی):لبنان نے تمام علاقوں کو اسرائیلی فوج کے قبضے سے آزاد کرانے کے عزم اور ہتھیاروں پر ریاست کے کنٹرول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کے مواد کو بغیر کسی چھیڑ چھاڑکے نافذ کرنے کا عہد کیاہے۔
یہ بات وزیر اطلاعات بول مرقص نے نئی کابینہ کی تشکیل کے اعلان کے بعد صدارتی محل میں ایک اجلاس کے بعد کہی۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ حکومت غیر ریاستی عناصر سے ہتھیار کنٹرول کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وزارتی بیان میں تمام لبنانی علاقوں کو آزاد کرانے کے لئے پرعزم ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلحے کی نقل و حرکت پر اجارہ داری قائم کرے۔
ریاست کی خودمختاری کو خصوصی طور پر اپنی فوج کے ذریعے کنٹرول کرے گی۔واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کے باوجود لبنان میں تین مقامات پر موجود رہنے کا اعلان کیا تھا۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ لبنان کے عسکریت پسند گروپ حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کے تحت اس کی فورسز منگل کے روز اپنے انخلا کی ڈیڈ لائن کےبعد جنوبی لبنان میں پانچ اہم مقامات پر اپنی موجودگی برقرار رکھیں گی ، جب کہ لبنان کی حکومت نے انخلا میں ایک اور تاخیر پر پریشانی کا اظہار کیا ہے ۔
وائس آف امریکا کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل نداو شوشانی نے کہا ہے کہ لبنان میں پانچ مقامات ایسے ہیں جہاں سےعلاقے پر طور پر نظر رکھی جاسکتی ہے یا وہ شمالی اسرائیل کی ان آبادیوں کے پار واقع ہیں جہاں کے لگ بھگ 60 ہزار اسرائیلی ابھی تک اپنے گھروں کو لوٹ نہیں سکے۔انہوں نے کہا کہ اس عارضی اقدام کی منظوری امریکی قیادت میں جنگ بندی کی نگرانی کرنے والے ادارے نے دی تھی، جس میں اس سے قبل تین ہفتوں کی توسیع کی گئی تھی۔
اس معاہدے کے تحت اسرائیلی فورسز کو جنوبی لبنان میں ایک بفر زون سے انخلا کرنا ہےجہاں اس کے بعد لبنانی فوج اور اقوام متحدہ کے امن فوجی گشت کریں گے ۔لبنان جنگ بندی نومبر سے نافذ العمل ہے ۔اسرائیلی فوجی کے ترجمان نے مزید بتایا کہ اسرائیل ایک ایسے درست اور ایک ایسے تدریجی طریقے سے لبنان انخلا کے لئے پر عزم ہے کہ جس میں ہمارے شہریوں کی سکیورٹی برقرار رہے ۔
لبنان کے صدر جوف عون نے کہا ہے کہ جنگ بندی کا احترام کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی عہدے دار اسرائیل کے انخلا کے حصول کے لئے سفارتی پلیٹ فارم پر کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک اسرائیلی کا بھی لبنان کے علاقے میں قیام ان کے لئے قابل قبول نہیں۔