لنڈی کوتل میں جمرود پولیس کی منشیات کے خلاف کامیاب کارروائی ،42 کلو ہیروئن برآمداور 2 ملزمان گرفتار

153
Drug smugglers
Drug smugglers

لنڈی کوتل ۔ 29 دسمبر (اے پی پی):لنڈی کوتل میں جمرود پولیس نے منشیات کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے42 کلو ہیروئن برآمدکرلی اور 2 ملزمان کو گرفتارکرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جمرود پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جمرود شاہ کس بائی پاس روڈ پر دوران تلاشی موٹر کار کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی ہے۔ڈی پی او خیبر سلیم عباس کلاچی کے احکامات کی روشنی میں ایس ایچ او جمرود نفیس خان کی خفیہ اطلاع پر اے ایس آئی مولاداد اور انچارج تختہ بیگ بخت منیر نفری کے ہمراہ جمرود شاکس بائی پاس روڈ ناکہ بندی پر مشکوک موٹر کار نمبر سی ایکس 744 سے دوران تلاشی 42 کلوگرام ہیروئن برآمد کی ہے جس کی مالیت مارکیٹ میں کروڑوں روپے ہے،

جبکہ موقع پر ملزمان اسماعیل سکنہ بھانہ ماڑی اور نورتاج سکنہ سپیرہ کو گرفتار کرکے تھانہ جمرود کے حوالات منتقل کر دیا ہے،ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے مکروہ دھندے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔ملزمان کا تعلق منظم بین الصوبائی منشیات سمگلرز گروہ سے ہے،جو ملک کے دیگر اضلاع کو ہروئین اور دیگر منشیات سمگل کرتے ہیں،ملزمان سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ڈی پی او خیبر سلیم عباس کلاچی اور ایس پی انویسٹی گیشن کمال حسین نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او سمیت تمام اہلکاروں کو شاباش دی۔

انہوں نے کہاں کہ منشیات کے خلاف جاری مہم میں ہیروئن کی یہ سب سے بڑی کارروائی ہے۔انہوں نے کہاں کہ آئی جی خیبرپختونخوا اور سی سی پی پشاور کے ویژن کے مطابق منشیات فروشوں و سمگلروں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیگی اور علاقے کو منشیات سے پاک کرنے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔