لوئر چترال۔ 03 مارچ (اے پی پی):لواری ٹنل اور مضافات میں برفباری اور بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے، چترال کی طرف 56 انچ جبکہ دیر کی طرف اب تک 62 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ ضلعی انتظامیہ لوئر چترال کے مطابق ضلع لوئر چترال میں تاحال برفباری جاری ہے، حالات نارمل ہیں اور کسی بھی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ انتظامیہ کے مطابق لواری ٹنل اور مضافات میں برفباری اور بارش ہورہی ہے۔ لواری چترال کی طرف 56 انچ جبکہ دیر کی طرف اب تک 62 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ لواری اپروچ روڈ کو حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ٹریفک کےلیے بند کر دیا گیا ہے، روڈ کلئیر ہونے کے بعد آگاہ کر دیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد عمران خان کی ہدایات پر این ایچ اے کی مشینری سٹینڈ بائی ہے، سنو کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش ڈاکٹر محمد علی ٹنل میں موجود ہیں اور آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ تمام اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، انتظامیہ کے مطابق شدید برف باری کی وجہ سے مواصلاتی نظام متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے پیغام رسانی میں مسائل پیش آرہے ہیں۔ انتظامیہ نے ڈرائیورز اور مسافر حضرات سے گزارش کی ہے کہ راستے کلئیر ہونے تک سفر کرنے سے گریز کریں، موسم اور رسائی سڑکوں سے متعلق مکمل معلومات حاصل کرکے سفرکریں، خصوصاً صبح اور رات کے اوقات میں سفر کرنے سے گریز کیا جائے۔ سفر کے دوران اپنے پاس گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیاء ضرور رکھیں تا کہ بوقت ضرورت کام آئے۔