کراچی۔ 19 جنوری (اے پی پی):پاک کالونی پولیس نے حساس ادارے کی اطلاع پر پرانا گولیمار جہان آباد کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے منشیات فروشی میں مطلوب اہم کمانڈر زین عرف ریحان کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا۔
جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ رات خفیہ اطلاع پر پولیس نے ملزم کو تعاقب کرکے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی ،فائرنگ سے تھانہ پاک کالونی میں تعینات کانسٹیبل نوید شاہ ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا جبکہ فائرنگ سے پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا ، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزم زین عرف ریحان ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ہلاک ملزم کے قبضہ سے ایک نائن ایم ایم پستول، رائونڈز اور تھانہ پیرآباد کی حدود سے چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔ ایس ایس پی کیماڑی نے مزید بتایا کہ ہلاک ملزم قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور پولیس اہلکار کو قتل سمیت مخالف گروپوں کے کارندوں کو قتل کر چکا ہے،
پرانا گولیمار و ملحقہ علاقوں میں منشیات نیٹ ورک کا اہم سرغنہ تھا جوکہ بدنام زمانہ منشیات ڈیلر حاجی ریاست کے منشیات نیٹ ورک کو آپریٹ کرتا تھا اور منشیات فروشی سے حاصل ہونے والی رقم سے اسلحہ کی خریداری سمیت لیاری گینگ وار کے جمیل چھانگا، بلال پپو، سلیم چاکلیٹی اور ساجد ڈکیت نامی گروپوں کو مالی معاونت بھی فراہم کرنے میں ملوث تھا جبکہ لیاری گینگ وار کے دہشتگردوں کو پرانا گولیمار میں پناہ بھی فراہم کرنے میں بھی ملوث رہا ہے۔