لاہور۔9مارچ (اے پی پی):وزارت پاور ڈویژن کی خصوصی ہدایات پر لیسکو نے رمضان المبارک کے حوالے سے انتظامات مکمل کر لئے ہیں، پورے لیسکو ریجن میں سحر و افطار کے دوران بجلی کی بلا تعطل سپلائی فراہم کی جائے گی۔چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کے مطابق لیسکو ریجن کے زیر انتظام علاقوں میں سحر و افطار اور تراویح کے دوران تمام گھریلو صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
انجینئر شاہد حیدر نے کہا ہے کہ لیسکو نے پاور ڈویژن کی ہدایات پر رمضان المبارک کے دوران روزہ داروں کی سہولت کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو ہیڈ کوارٹر میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے اور سحر و افظار کے دوران بجلی کی بلا تعطل ترسیل کی نگرانی وہ خود کریں گے اس کے ساتھ ساتھ شعبہ آپریشن، پاور ڈسٹریبیوشن کنٹرول سنٹر اور پبلک ریلیشنزڈیپارٹمنٹ 24گھنٹے فعال انداز میں کام کرئے گا اور بجلی کی طلب، رسد، بجلی سے متعلق شکایات کا جائزہ اور ان شکایات کے فی الفور ازالے کو ممکن بنایا جائے گا۔
لیسکو چیف نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ پی آر او لیسکو سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ انجینئر شاہد حیدر نے کہا ہے کہ ہم پرامید ہیں کہ رمضان المبارک میں لیسکو کے تمام گھریلو صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا اور اس ضمن میں تمام فیلڈ دفاتر اورسٹاف کو بھی ہائی الرٹ کردیا ہے جو بجلی سے متعلق کسی بھی شکایت کے جلد سے جلد ازالے کے لئے ہمہ وقت موجود رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لیسکو کی مختلف ڈویژنز اور سب ڈویثرنز میں اضافی ٹرانسفارمر ز کی ٹرالیوں کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ لیسکو سٹور میں مختلف استعداد کے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر بھی موجود ہیں اور لیسکو کے بھرپور کوشش ہوگی کہ رمضان المبارک کے دوران صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔رمضان المبارک میں بجلی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے صارفین لیسکو ہیلپ لائن 111-000-118 پر رابطہ کرنے کے ساتھ ساتھ 8118پر ایس ایم ایس بھی کرسکتے ہیں۔