لاہور۔30جنوری (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے صارفین کا دیرینہ مسئلہ حل کردیا،نئے کنکشنز کے لیے میٹر جاری کرنے کے بعد خراب میٹرز کی تبدیلی کے لیے بھی 50ہزار سے زائد میٹرز جاری کردیئے گئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسرانجینئرشاہد حیدر کی کاوشوں کے باعث نئے کنکشنز کے لیے ایک لاکھ سے زائد میٹرز جاری کرنے کے بعد خراب میٹروں کی تبدیلی کے لیے بھی 54ہزار میٹرز جاری کردیئے گئے، جس کے بعد لیسکو میں خراب میٹرز کی تبدیلی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ ہماری اولین ترجیح اپنے صارفین کو بہترین اور بروقت خدمت فراہم کرنا ہے۔لیسکو نے ایمرجنسی بنیادوں پر 54000میٹرز جاری کئے ہیں تاکہ صارفین کو فوری طور پر سہولت فراہم کی جا سکے۔خراب میٹر کی فوری تبدیلی سے صارفین کو نہ صرف مشکلات سے بچایا جائے گا بلکہ ان کو بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ بھی نہیں آئے گی۔