لاہور۔13نومبر (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔اسی سلسلے میں کسٹمر سروسز ڈائریکٹر رائے محمد اصغر کی زیرِ نگرانی ایس ڈی او جاتی عمرہ سب ڈویژن محمد اعظم نے اپنے سٹاف کے ہمراہ آپریشن کیا۔دورانِ آپریشن کوٹ شیخاں کے علاقہ میں کشمیر ہوٹل بجلی چوری میں ملوث پایا گیا ،
اس کے علاوہ ایک جانوروں کا شیڈ اور 2دکانوں میں بھی بجلی چوری کی جا رہی تھی۔تحقیقات کرنے پر پتہ چلا کہ لیسکو کی ایل ٹی لائن سے ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کی جا رہی تھی اور محکمہ کو لاکھوں روپے کا ماہانہ نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔موقع پر کنکشنز منقطع کر دیئے گئے اور ایف آئی آر کے لئے درخواست متعلقہ تھانے میں جمع کروا دی گئی ہے۔ملزمان کو250,000روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔