لاہور۔13مارچ (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر کسٹمر سروسز ڈائریکٹر رائے محمد اصغر نے بدھ کے روز ای کچہری کا انعقاد کیا، فیس بک لائیو سیشن کے ذریعے صارفین کی شکایات سنیں اور شکایات کے فی الفور ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔
ترجمان کے مطابق لیسکو کی خصوصی ای کچہری میں ڈی جی امپلیمنٹیشن طارق عثمان،انچارچ کمپلینٹ سیل رانا رضوان صبغت اللہ اور اسسٹنٹ منیجر کمپلینٹ سیل فرحان شکیل بھی موجود تھے جبکہ لیسکو کے تمام سرکلز کے ایس ایز نے بھی آن لائن شرکت کی۔
لیسکو کی ای کچہری میں مختلف نوعیت کی شکایات موصول ہوئیں جن میں زیادہ تر شکایات نئے میٹرز کی تنصیب اور خراب میٹروں کی تبدیلی میں تاخیر سے متعلق تھیں۔کسٹمر سروسز ڈائریکٹر رائے محمد اصغر نے شکایات پر متعلقہ افسران کو فی الفور ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام افسران پر زور دیا کہ صارفین کی شکایات کے ازالے کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔انہوں نے صارفین سے بھی درخواست کی کہ بجلی کی بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے اپنے بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کریں۔