لاہور۔18جون (اے پی پی):کسان اتحاد کے وفد نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو) ہیڈکوارٹرکا دورہ کیا اور چیف ایگزیکٹو انجینئرمحمد رمضان بٹ سے ملاقات کی۔اس موقع پر وفد نے لیسکو چیف کو کسانوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔لیسکو چیف کی جانب سے کسانوں کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور کسان پاکستانی معیشت کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں لہذا ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔لیسکو چیف نے کسان اتحاد کے وفد سے بجلی چوری کے خلاف جاری آپریشن میں تعاون کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ کسان اپنے بجلی کے بل بر وقت ادا کریں تاکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری رہے۔کسان اتحاد کے وفد نے مسائل کے حل کیلئے کئے جانیوالے اقدامات پرلیسکو چیف انجینئر محمد رمضان بٹ کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے دوران ڈائریکٹر کسٹمر سروسز عباس علی اور ڈائریکٹر کمرشل وسیم اقبال بھی موجود تھے جبکہ کسان اتحاد کی جانب سے صوبائی جنرل سیکرٹری ملک یٰسین جھجھ،ڈویژنل صدر لاہور حاجی ملک زمان، ضلعی صدر مہر جہانگیر فیض،ضلعی صدر قصور شہادت بھٹی،سینئر نائب صدر پنجاب سردار یحییٰ کنول، تحصیل صدر مشتاق ڈھکو،ضلعی جنرل سیکرٹری سردار عامر خان جندران اور مرکزی ترجمان کسان اتحاد ملک عمران جھجھ نے ملاقات میں شرکت کی۔