لیسکو آپریشن 26ویں روز بھی جاری ،501 ملزمان گرفتار

207
Electricity thief arrested
Electricity thief arrested

لاہور۔3اکتوبر (اے پی پی):لیسکو کے پانچوں اضلاع میں بجلی چوروں کےخلاف آپریشن 26ویں روز بھی جاری رہا۔ ترجمان لیسکو کے مطابق وزیرِاعظم پاکستان اور وزارت توانائی کی ہدایات پرلیسکوکے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی لیسکو کے پانچوں اضلاع لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ اور اوکاڑہ میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

لیسکو ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق لیسکو میں 26ویں روز کے آپریشن کے دوران تمام اضلاع میں 501 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ 498 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئی ہیں جن میں سے291 ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ 132 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے

پکڑے جانے والے کنکشنز میں کمرشل13، زرعی 9، انڈسٹریل2 اور477 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو7 لاکھ58ہزارباون یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں ،جن کی مالیت 3 کروڑ99 لاکھ 80 ہزار 750 روپے ہے۔

بجلی چوروں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ رائیونڈ کے علاقے میں کنکشن کو21459 یونٹس (965655) روپے، سندر اڈا روڈ میں 1533 یونٹس(956778)روپے، کاہنہ میں 9156 یونٹس 595140 روپے اور ہربنس پورا میں میں کنکشن کو10554 یونٹس، (583290روپے) کی رقم چارج کی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق لیسکو ریجن میں 26 روز کے آپریشن کے دوران کل 12088 کنکشن چیک کئے گئے،11988 کنکشن کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے11184 درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔ کل4051 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

بجلی چوروں کو اب تک 2 کروڑ 52 لاکھ 82ہزار 37 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی رقم ایک ارب 13 کروڑ سرسٹھ لاکھ دو ہزار چھیاسٹھ روپےہے۔ واضح رہے بجلی چوروں کے خلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدرخود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔

لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنے والے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔