لیسکو صارفین کی شکایات کے ازالے کے لئے ریجن بھر میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری

182
LESCO

لاہور۔19جولائی (اے پی پی):وزارت پاور ڈویژن کی خصوصی ہدایات پر لیسکو ریجن میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد لیسکو صارفین کو بجلی بلوں اور دیگر معاملات میں درپیش مسائل کا فی الفور ازالہ کرنا ہے۔

چیف ایگزیکٹو انجینئرشاہد حیدر کا کہنا ہے کہ لیسکو کے آٹھوں سرکلز میں اس حوالے سے خصوصی کچہریاں لگائی جارہی ہیں۔ میڈیا اور پینا فلیکسز کے ذریعے عوام الناس کو اس بابت پیشگی اطلاع بھی دی جارہی ہے۔ تمام ایس ڈی اوز اپنی ٹیم کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی سب ڈویثرنز میں کھلی کچہریوں کا باقاعدہ انعقاد یقینی بنا رہے ہیں۔ ایس ایز اور ایکسئین ان کچہریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

آج منعقد ہونے والی کھلی کچہریوں میں مختلف نوعیت کی کل1318شکایات موصول ہوئیں جس میں سے 1122شکایات کا موقع پر ازالہ کیا گیا۔مجموعی طور پر اب تک لیسکو کے آٹھوں سرکلز میں کل 3754شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 3385شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے جبکہ 369شکایات کو حل کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کے چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدرخود بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ کھلی کچہریوں کا سرپرائز وزٹ بھی کر رہے ہیں۔ کھلی کچہریوں میں آنے والے صارفین نے لیسکو کے اس عمل کا خیر مقدم کیا اورامید ظاہر کی کہ لیسکو آئندہ بھی صارفین کی سہولت کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔