لاہور۔1نومبر (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو) نے بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات کے سلسلہ میں تمام اقدامات مکمل کر لئے ہیں۔ترجمان لیسکوکے مطابق ننکانہ صاحب میں 14سے 23 نومبر تک بابا گرونانک کی 555 ویں سالانہ تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں دنیا بھر سے ہزاروں کی تعداد میں سکھ برادری شرکت کرے گی۔اس سلسلے میں لیسکو نے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی خصوصی ہدایت پر ننکانہ صاحب آنے والے مہمانوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچانے کے لیے تمام اقدامات مکمل کر لئے ہیں۔
چیف انجینئر آپریشنز عباس علی نے اپنے فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ 24 گھنٹے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں،متعلقہ منیجرز آپریشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے اپنے ذیلی دفاتر میں ہائی وولٹج تاروں کی مرمت کا مکمل انتظام رکھیں،اس کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دفاتر میں اضافی ٹرانسفارمرز، بکٹ ٹرالیز اور ٹرانسفارمر گاڑیوں کی موجودگی یقینی بنائیں۔تمام منیجرز آپریشنز کو ہدایت کی گئی کہ سٹاف کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی جائیں تاکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے،فرائض میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔