لیسکو کا بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ، 205 مقدمات درج،9ملزمان گرفتار

256
بجلی چوروں

لاہور۔14ستمبر (اے پی پی): لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور وزارت توانائی کی ہدایات پر لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کے خاتمہ کیلئے آٹھویں روز بھی آپریشن جاری رہا۔ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو میں آٹھویں روز کے آپریشن کے دوران تمام سرکلز میں کل370کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات دائر کر دیئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بجلی چوروں کے خلاف 205ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ9ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا گیاہے۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی چوری میں ایک صنعتی ،4زرعی،4کمرشل اور361ڈومیسٹک کنکشنز شامل ہیں،تمام کنکشنز منقطع کر کے ان سے1012985یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جس کی مجموعی رقم 32971836روپے ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اس آپریشن میںبڑے زرعی اور کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ہیںاور ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کر دیئے گئے ہیں اور ان سے ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پڈھانہ میں زرعی کنکشن کو74796یونٹس چوری پر 1950676روپے،موزا روڑی بصیر پورمیں زرعی کنکشن کو15714یونٹس چوری کرنے پر550000روپے،ارشد کھوکھر کو زرعی کنکشن کے12000یونٹس چوری کرنے پر336000روپے،اوکاڑہ میں ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے 3100یونٹس چوری کرنے پر صارف سے160000روپے چارج کئے گئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ لیسکو ریجن میں آٹھویں روز کے آپریشن کے دوران کل2388کنکشن چیک کئے گئے جن میں سے2379کنکشنز کیخلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جبکہ 1610درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 109ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اوربجلی چوروں کو اب تک6679077یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی رقم 285,850,044روپے ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا، آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے اور سہولت کار لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔