لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری،24گھنٹوں کے دوران27ملزمان ،بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔ترجمان لیسکو کے مطابق وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 484ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے177 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ27کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 16 کمرشل،7زرعی اور461 ڈومیسٹک تھے۔
تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو3لاکھ44ہزار634 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت1 کروڑ 29 لاکھ32 ہزار126 روپے ہے۔ انسداد بجلی چوری مہم کو338روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل1 لاکھ23ہزار 76ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 1لاکھ5 ہزار470 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر37 ہزار986 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک13 کروڑ45 لاکھ 85 ہزار97 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت4ارب83 کروڑ65 لاکھ60 ہزار 33 روپے ہے۔